کراچی سے کچرا اٹھانے کا ذمہ دار کون ہے؟ شہر سے کچرا اٹھانے کا بجٹ 23 ارب روپے، مگر شہر بھر میں ہر طرف کچرا نظر آتا ہے۔ 30 سے 40 فی صد کچرا سڑکوں اور گلیوں میں موجود رہتا ہے جس سے شہر میں صحت عامہ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ 23 ارب کی مالیت سے شہر کراچی میں 3 اضلاع جنوبی، شرقی اور ضلع ملیر سے کچرا جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کی ذمہ دار ہے، مگر متعلقہ علاقوں میں کچرے کے ہر طرف ڈھیر نظر آتے ہیں، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں روزانہ 14 ہزار ٹن عام گھریلو کچرا پیدا ہوتا ہے۔ اے کیو خان انسٹیٹیوٹ کراچی یونیورسٹی کی 2022 کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں یومیہ 20 سے 24 ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔
بجٹ 2026: تاجروں، صنعت کاروں نے معاشی بحالی کا فارمولا پیش کر دیا
ایک آزاد اندازے کے مطابق اس کچرے کا صرف نصف حصہ مستقل طور پر ٹھکانے لگایا جاتا ہے، جب کہ بقیہ کچرا شہر ہی میں موجود ہوتا ہے، جس میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
ماہرین شہر کو کچرے کا ڈھیر بننے کی بنیادی وجہ ناقص انتظامی ڈھانچا، وسائل کی کمی اور متعلقہ اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ بتاتے ہیں۔


