(13 مارچ 2026): سائبر کرمنلز اب ایک نئے روپ میں لوٹ مار کرنے آئے ہیں اور گیس بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سلنڈر کے نام پر سادہ لوح لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔
ایران اسرائیل جنگ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد ایل این جی کی ترسیل بھی رک چکی ہے، جس نے خام تیل کے ساتھ گیس کی قلت کو جنم دیا ہے۔
ایسے میں سائبر کرمنلز نے ایک نئے روپ میں سادہ لوح عوام کو لوٹنا شروع کر دیا ہے اور وہ فوری سلنڈر ڈیلیوری اور اضافی سلنڈر کی فراہمی کا لالچ دے کر سادہ لوح عوام کو ان کی جمع پونجی سے محروم کر رہے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ سائبر کرمنلز بھارت میں سرگرم ہیں اور وہاں پیدا ہونے والے گیس کے شدید بحران کے بعد سوشل میڈیا پر جھوٹی اشتہاری مہم چلا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار نے کہا ہے کہ واٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فرضی ویب سائٹ لنکس بھیج کر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں لوگوں سے اپیل کی ہے وہ ایسے جعلسازوں سے ہوشیار رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سوشل میڈیا پر اس قسم کے پیغامات میں آن لائن پیشگی ادائیگی کا مطالبہ کیا جائے تو عوام جان لیں کہ یہ یقینی طور پر سائبر فراد ہے۔ عوام کسی صورت ایسے مشتبہ لنکس پر کلک نہ کریں۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پرکشش آفرز دیکھ کر کسی نامعلوم شخص کے ساتھ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، او ٹی پی یا یو پی آئی پن ہرگز شیئر نہ کریں۔ جعلی ویب سائٹس پر معلومات درج کرنے سے آپ کی ذاتی اور مالی معلومات سائبر مجرموں کے ہاتھ لگ سکتی ہیں اور آپ کے بینک اکاؤنٹس خالی ہونے کا خطرہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


