کراچی : گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں،جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صنعتی و معاشی شہر کراچی میں گیس کا بحران سنگین ترین صورتحال اختیار کر گیا ہے، شہر کے اکثر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں، جس کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
متوسط اور محنت کش طبقہ اب مہنگے ہوٹلوں سے کھانا خریدنے یا سلنڈر مافیا سے مہنگی گیس لینے پر مجبور ہے، جس نے ان کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کراچی میں گیس اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کا الزام ہے کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ان اقدامات کو ‘کراچی دشمنی’ پر مبنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ ادارے اس سنگین بحران کے حل کے لیے فوری مداخلت کریں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی کا بوجھ ہے تو دوسری طرف بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


