بلوچستان میں گیس لوڈشیڈنگ اور مہنگی ایل پی جی نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان میں مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے چار سو سے پانچ سو روپے کلو تک ایل پی جی خریدنا اور کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
کوئٹہ میں سوئی گیس کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے، گھریلو استعمال کے لیے لوگوں کا سلنڈر پر انحصار بڑھ گیا ہے ، ایل پی جی گیس دستیاب ہے مگر قیمتیں سرکاری نرخ سے کئی گنا زیادہ ہیں۔ کوئٹہ میں ایل پی جی فی کلو 410 روپے سے 500روپے تک فروخت ہورہی ہے۔
ایک شہری نے بتایا کہ پانچ سال سے چائے کا ہوٹل چلا رہا ہوں پہلے کبھی اتنا پریشان نہیں ہوا جتنا گزشتہ ایک ماہ سے ہوں، ایل پی جی پر ہوٹل کا چولہا جلتا ہے تاہم امریکا ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جس سے کاروبار شدید متاثر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس مزید زائد قیمتوں پرخریدنا بس سے باہر ہورہا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کی جائے یا سوئی گیس فراہمی کے اوقات میں اضافہ کیا جائے۔
منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں


