سابق بھارتی کھلاڑی گوتم گمبھیر نے کہا ہےکہ بھارت کے سینئر کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرسکتے ہیں، لیکن بد قسمتی سے اس وقت ہندوستانی ٹیم میں رول ماڈل کی کمی ہے۔
یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی، انہوں نے رول ماڈل کی کمی پر ہندوستان کے سینئر کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ صورتحال کے دوران وہ نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرسکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں یوراج سنگھ سے اتفاق کرتا ہوں کہ اس وقت ہندوستانی ٹیم میں رول ماڈل کی کمی ہے، جیسے سال 2000 کی دہائی کی طرح ، ہمارے پاس بھی ٹیم کی رہنمائی کے لئے راہول ڈریوڈ انیل کمبلے ، لکشمن اور سچن ٹنڈولکر تھے۔
گمبھیر نے کہا کہ ٹیم کو اپنے ساتھ سینئر کھلاڑیوں کو رکھنا ضروری ہے جو کڑے وقت میں آپ کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یوراج سنگھ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں میں نظم و ضبط کی کمی نے ہندوستانی ٹیم کو ٹیموں سے الگ کردیا تھا۔
یوراج سنگھ کا کہنا تھا کہ پچھلی اور حالیہ ٹیموں میں جو فرق مجھے محسوس ہوتا ہے وہ یہ کہ ہمارے زمانے میں سینئرز بہت ڈسپلن والے تھے، سوشل میڈیا نہیں تھا لہذا کوئی خلل بھی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو ایک خاص طریقے سے لے کرچل رہے تھے ہم اپنے سینئرز کی طرف دیکھتے رہتے تھے کہ وہ کس طرح کا برتاؤ کررہے ہیں یا میڈیا سے کیسے گفتگو کررہے ہیں،وہ ہماری رہنمائی کرتے تھے، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔