گوادر: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سی پیک نوازشریف اور چینی وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے، گوادرمیں فری اقتصادی زون اسی سال مکمل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ حاصل بزنجو اور چوہدری جعفر اقبال کے ہمراہ گوادر پہنچے اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور شاہد خاقان عباسی کو گوادر کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چینی حکام اور کمپنیوں کا وفد بھی گوادر پہنچا، وزیر اعظم نے چینی وفد کے ہمراہ گوادر بندر گاہ پر نصب ہونے والی نئی مشینری کا معائنہ کیا اور گوادر پورٹ سےکوسٹل ہائی وے تک 6 رویہ سڑک کاافتتاح بھی کیا۔
وزیراعظم کی گوادر آمد کے موقع پر مقامی افراد نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ائیرپورٹ روڈ پر احتجاج کیا اور بنیادی سہولیات جلد از جلد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہکنا تھا کہ ’سی پیک دونوں ملکوں کو نئی جہت دے گا،’گوادر بندرگاہ کی ترقی دو طرفہ تعلقات کی بہترین مثال اور مشترکہ خوشحالی کو وژن ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’سی پیک منصوبہ نوازشریف اور چینی وزیراعظم کے وژن کاعکاس ہے، گوادر فری اقتصادی زون اسی سال مکمل ہوجائے گا اور بجلی گھر کی کی تعمیر بھی جلد شروع کردی جائے گی‘۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کی کوشش کررہے ہیں ساتھ ہی ووکیشنل اور اسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے‘۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’گوادر میں 170 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، منصوبوں کی تکمیل کے بعد گوادر عالمی تجارت کا مرکز بنے گا جس کے ثمرات مستقبل میں سب کو نظر آئیں گے‘۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن باتوں پر نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے، گوادر کے منصوبوں کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو روزگار اور ترقی مہیا کیے جائیں گے‘۔