اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ غزہ سٹی پر شدید فضائی حملوں کے بعد غزہ آگ میں جل رہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کا اپنے بیان میں خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مغویوں کی رہائی اور حماس کی شکست تک نہ رُکیں گے اور نہ پیچھے نہیں ہٹیں گے، اسرائیلی فوج آہنی ہاتھوں سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن ہایو نے اعتراف کیا ہے کہ قطر اور دیگر ممالک نے اسرائیل کو تنہا کردیا ہے مگر امریکا اور بہت سے ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کو انٹرویو کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن ہایو کا کہنا تھا کہ بڑا چیلنج انتہا پسند مسلم اقلیتوں کا یورپ کی اسرائیل پالیسی پر اثر و رسوخ ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مغربی یورپ سے اسرائیل کو چیلنج درپیش ہے اور اس ناکہ بندی کو بھی ختم کردیا جائے گا۔
غزہ پر قبضے کا ارادہ، اسرائیلی فوج ٹینکوں کے ساتھ شہر کے وسط میں داخل
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسلحہ سازی کی صنعت کو آزادانہ اور خود مختار طور پر مضبوط کرنا ہوگا، اسرائیل کو نئی اقتصادی حقیقت کیلئے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل قطر میں دوبارہ حملہ نہیں کرے گا، قطر ہمارا اتحادی ملک ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


