اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ کو برائیوں کا شہر قرار دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر استعمال ہر جگہ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیں گے، اسرائیل ایسی کارروائی کرے گا جو مشرق وسطیٰ کو تبدیل کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں زبردست طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ کو تبدیل کرنے جارہے ہیں یہ تو صرف شروعات ہے ہم زبردست طاقت کا استعمال کریں گے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حماس کی اسٹریٹیجی سے اسرائیل کی انٹیلی جنس مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔
حماس کی اسٹریٹیجی سے اسرائیلی حکام نے انٹیلیجنس کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس رہنماؤں نے حملے سے کچھ دن پہلے انٹرویوز میں کہا تھا کہ حملے کے لیے تیار نہیں، اسٹریٹیجی کے مطابق حماس نے اسرائیل کو مختلف ذرائع سے حملے نہ کرنے کا یقین دلایا تھا۔
اسٹریٹیجی کےمطابق اسرائیل کو یقین دلایا گیا تھا کہ معاشی بحالی میں دلچسپی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر ہر تھوڑی دیر میں بم برسائے جا رہے ہیں اور زخمیوں کی بڑی تعداد غزہ کے اسپتالوں میں لائی جار ہی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 560 فلسطینی شہید اور 2900 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک اسرائیلی کی تعداد 800 سے زائد ہوچکی ہے۔