اسلام آباد (01 فروری 2026): پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک نے اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک نے اسرائیل کے خلاف مشترکہ مذمتی بیان جاری کر دیا ہے، مسلم ممالک میں پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر شامل ہیں۔
مسلم وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہم غزہ میں جنگ بندی کی اسرائیل کی بار بار خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں، ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، اور یہ اقدامات کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اسرائیل کا بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری، بچوں سمیت 29 فلسطینی شہید
انھوں نے کہا اسرائیلی اقدامات امن کے استحکام اور حالات معمول پر لانے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، علاقائی اور عالمی فریقین ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر کام کر رہے ہیں، ایسے وقت میں خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مسلم ممالک اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں، اور وزرائے خارجہ کا خیال ہے کہ مسلسل خلاف ورزیاں سیاسی عمل کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
انھوں نے کہا ٹرمپ کے امن منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل وابستگی کی ضرورت ہے، اور فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نازک مرحلے میں اپنی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر نبھائیں، فریقین انتہائی تحمل و ضبط کا مظاہرہ کریں تاکہ جنگ بندی کو محفوظ اور برقرار رکھا جا سکے۔
مشترکہ بیان میں فریقین سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے جو موجودہ عمل کے لیے نقصان دہ ہو، اور فریقین ابتدائی بحالی و تعمیرِ نو کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار حالات پیدا کریں۔ انھوں نے کہا وزرائے خارجہ ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام پر زور دیتے ہیں، وہ امن جو فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی ہو، بین الاقوامی قانون، یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہو۔
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں


