ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

جنہوں نے وفاق میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ان کیساتھ جی بی میں کیوں حکومت بنائیں گے؟ بیرسٹر گوہر

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (9 جون 2026): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جنہوں نے وفاق میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ان کے ساتھ گلگت بلتستان (جی بی) میں کیوں حکومت بنائیں گے؟ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف ہمارا بیانیہ واضع ہے۔

بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، جی بی میں ہمارے 22 امیدوار میدان میں تھے، ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں، ہمیں دو نشستیں دے کر 13 نشستیں کسی اور کو دیں گے تو ہم اس کو نہیں مانتے، عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی، جی بی میں 17 نشستوں کے نتائج میں ہم 8 نشستوں پر جیتے ہیں، 24 نشستوں پر ہماری برتری واضع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے جی بی الیکشن کے نتائج مسترد کر دیے

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پُرامن احتجاج کے حامی ہیں، عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے حقوق کیلیے احتجاج کریں، ہم تشدد اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کی کال صوبائی حقوق کیلیے دی ہے اور ہم اس کی حمایت کرتے ہیں، کے پی کو این ایف سی کے مطابق اس کا شیئر ملنا چاہیے۔

بجٹ کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سنا ہے کہ بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا سمری بھیجی گئی ہے، ہماری پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے، لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پیٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پا رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی پچھلی مرتبہ بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی، سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے، کوشش ہے کہ بجٹ سے قبل ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ہماری ملاقاتیں 34 ہفتوں سے بند ہیں، کیا تاریخ میں کسی قیدی کو 34 ہفتے ملاقاتوں سے محروم رکھا گیا؟ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتیں بحال ہونی چاہیے، ملاقاتوں پر پابندیوں نے نفرت کو جنم دیا ہے، سابق وزیر اعظم ایک مقبول لیڈر ہیں اور آئین اور قانون کے مطابق ملاقات ان کا حق ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں