ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

گلگت بلتستان میں الیکشن سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (5 جون 2026): پاکستان نے گلگت بلتستان میں الیکشن سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن پروپیگنڈے کے عالمی علمبردار کے طور پر حقائق مسخ کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی تازہ بیان بازی کو مکمل مسترد اور اسے قابلِ نفرت سمجھتے ہیں، بھارت کا بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ برقرار ہے، مسئلہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے طویل غیر حل شدہ تنازع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان عام انتخابات کیلیے انتظامات مکمل

طاہر اندرابی نے کہا کہ تنازع کشمیر کی بنیاد 1947 میں ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے سے پڑی، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد میں مضمر ہے، یو این قراردادیں کشمیری عوام کو آزاد اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے سے حق خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کے بے بنیاد دعوے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتے، بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں منظم اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔

’مقبوضہ کشمیر میں نافذ سخت گیر قوانین کے تحت بھارتی افواج کو حاصل استثنیٰ ریاستی دہشتگردی کی ایک شکل ہے۔ بھارت مقبوضہ علاقوں سے انخلا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات واپس لے۔ 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تمام غیر قانونی اقدامات منسوخ کیے جائیں۔‘

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت سخت گیر قوانین ختم کرے اور غیر جانبدار مبصرین کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے، بین الاقوامی میڈیا کو زمینی حقائق جانچنے کیلیے مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے، بھارت کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں