اسکردو (07 جون 2026): گلگت بلتستان انتخابات کا پہلا مکمل غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجہ آگیا، جی بی 7 اسکردو ون کے تمام 31پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں مجموعی طور پر پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا۔
جی بی 7 اسکردو ون کے تمام 31پولنگ اسٹیشنز میں پیپلز پارٹی کے توقیر مہدی شاہ 4337 ووٹ لے کر کامیاب ہوچکے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ جلال 3891 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اب تک موصول ہونے والے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج میں پیپلزپارٹی کے 10 امیدواروں کو برتری حاصل ہے، ن لیگ کے 6 اور آئی پی پی کے 3 امیدوار آگے ہیں جبکہ 5 حلقوں میں آزاد امیدواروں کا پلڑا بھاری ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ بغیر رکاوٹ شام 5 بجے تک جاری رہی۔ پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں کا ہجوم نظر آیا۔ تمام اضلاع میں 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔
الیکشن میں 12 سے زائد جماعتیں اور آزاد سمیت 396 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر 33 نشستوں پر مشتمل ہے، 24 نشستوں پر براہِ راست انتخابات ہوئے، 6 نشستیں خواتین جبکہ 3 ٹیکنوکریٹس کیلیے مختص ہیں۔
گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی سادہ اکثریت لامی درکار ہوگی، یہاں 9لاکھ 63 ہزار، پانچ لاکھ 6 ہزار مرد اور 4 لاکھ 56 ہزار خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔


