کراچی: دفاعی تجزیہ نگار (ر) امجد شعیب کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف آج تک این آر او کر کے پچھتا رہے ہیں، عدالتی حکم پر این آر او ناجائز اقدام ہوگا۔
اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) امجد شعیب کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف آج تک این آراو پرپچھتارہےہیں، اب عدالتی حکم کےتحت این آراوناجائزاقدام ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر اب کو ئی این آر او کرنے کی کوشش ہوئی تو عوام اسے قبول نہیں کریں گے اور اپوزیشن اس معاملے میں متحرک کردار ادا کرے گی۔
دفاعی تجزیہ نگار نے سوال اٹھایا کہ ’اگر سعودی عرب میں این آر او کی کوشش کی گئی تو شریف برادران عدالت، عوام یا فوج کس سے معاہدہ کرنے کی کوشش کریں گے؟‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ‘سعودی عرب میں کرپشن تحقیقات سے شریف فیملی کا تعلق ہے اور ممکن ہے شریف خاندان کو بدعنوانی کے خلاف جاری تحقیقات کےلیے طلب کیا گیا ہو‘۔
مسلم لیگ ن کو این آر او کی ضرورت نہیں، جان اچکزئی
پروگرام میں شرکت کرنے والے مسلم لیگ ن کے رہنما جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے پاس عوامی مینڈیٹ ہے، پارلیمنٹ میں اکثریت ہے اس لیے این آر او کی ضرورت نہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف نے 7 سال جلا وطنی کے گزارے جس کی وجہ سے اُن کے سعودی عرب اور ترکی سے بہت اچھے تعلقات ہیں، اگر کوئی شخص عمرہ ادا کرنے جارہا ہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے‘۔