ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب میں جنرل(ر) راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم پاکستان کے سفارتخانے میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی، جس میں جنرل(ر) راحیل شریف اور مسلم ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر خان حشام بن صدیق نے کہا کہ دنیا پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کی معترف ہے ، پاک فوج نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشن کرکے دہشت گردوں کی کمر توڑ د ی ہے ، انھوں نےاس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان درپیش مشکلات کے باوجود انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
حشام بن صدیق نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے نہ صرف ضرورت پڑنے پر بلکہ ہمیشہ ساتھ دیا ہے، جس کے لئے وہ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔
یوم دفاع کی اہمیت کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ وہ دن ہے، جب پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز پر ہونے والے بیرونی حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا اور اپنی سرزمین کا دفاع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جہاں چین سمیت کئی ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
تقریب میں جنرل راحیل شریف کی آمد پر غیر ملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں نے خیر مقدم کیا، تقریب میں سعودی ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل احمد الشہری نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں پر ایک ویڈیو فلم بھی دکھائی گئی جبکہ یوم دفاع کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
واضح رہے سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) راحیل شریف سعودی عرب میں 40سے زائد ممالک پرمشتمل اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں۔