کراچی : اربوں روپے خسارے سے دو چار قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایکٹنگ جرمن سی ای او نے اپنی تنخواہ میں اضافہ کا مطالبہ کردیا، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں تنخواہ میں اضافے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق خسارے میں چلنے والی قومی ائیر لائن کے افسران نے اس ادارے کو مزید خسارے میں ڈالنے کی تیاری کرلی۔
پی آئی اے کے ایکٹنگ جرمن سی ای او نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہ میں مزید اضافہ کیا جائے، مذکورہ افسر کی موجودہ تنخواہ 12 ہزار ڈالر ہے جبکہ یہ رقم ٹیکس کٹوتی کے بعد ہے اور اس کے علاوہ ایکٹنگ جرمن سی ای او کو دیگر تمام مراعات بھی حاصل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعہ 30 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر ایکٹنگ چیف آپریٹنگ افسر کا عہدہ رکھنے والے جرمن افسر کی 12 ہزار ڈالر تنخواہ سے بڑھا کر 30 ہزار ڈالر تنخواہ کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق سی ای او کا عہدہ چھوڑنے اور ایکٹنگ سی ای او کا عہدہ رکھنے والے افسر کی تنخواہ اور مراعات میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کے جرمن سی ای او کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پی آئی اے پہلے ہی اربوں روپے کا نادہندہ ہے اور جرمن سی ای او کی تنخواہ میں اضافہ ادارے پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔