اسلام آباد : جرمنی کے وزیرخارجہ ہائیکو ماس پاکستان پہنچ گئے، دورے کے دوران وہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے پاکستان پہنچنے پرنورخان ایئربیس پر وزارت خارجہ حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
ہائیکو ماس دورے کے دوران اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں خطے سمیت افغان امن ، مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ روز جرمن وزیرخارجہ غیراعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے تھے۔
جرمن دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ ہائیکو ماس کے دورے کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ جرمنی دوسرے سب سے بڑے امداد دہندہ ملک کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ نیٹو کی سربراہی میں 1300 جرمن فوجی بھی افغانستان میں تعینات ہیں جن کا مقصد افغان فوج کی تربیت کرنا ہے۔
جرمنی اور پاکستان باہمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل وولفرتھ کا کہنا تھا کہ جرمنی اور پاکستان بالخصّوص اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے باہمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔