اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی، اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے جرمن قیادت کی تعریف کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے جرمنی کے ساتھ بہتر تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، پاک، جرمنی تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار میں جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے حالیہ امیگریشن بحران سے نمٹنے پر جرمن چانسلر انجیلامرکل کی تعریف کی، اس موقع پر جرمن سفیر نے وزیراعظم کو جرمن چانسلر کی جانب سے دورہ جرمنی کی دعوت دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے جرمن سفیر کے کردار کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان کی علاقائی صورتحال میں جرمنی کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کا معاملہ بھی اٹھا دیا، انہوں نے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے گفتگو میں کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لے۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان سے جرمن وزیر خارجہ کی ملاقات کا احوال
علاوہ ازیں اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان سرمایہ کاری پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے توانائی اور آٹو موبائل سیکٹر میں جرمن سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی ملکی ترقی میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، جرمنی انسانی ترقی کیلئے تعلیم، صحت کے میدان میں ٹیکنیکل تعاون فراہم کرے۔