اسلام آباد : پرانے پنکھے دے کر انرجی سیونگ پنکھے حاصل کرنے کا طریقہ سامنے آگیا، پروگرام کے تحت پرانے پنکھوں کو توانائی بچانے والے نئے 5-سٹار پنکھوں سے تبدیل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی توانائی کی بچت اور مؤثر استعمال اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہمایوں خان نے حکومت کے نئے پروگرام روشن پنکھا روشن پاکستان کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار واضح کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت پرانے پنکھوں کو توانائی بچانے والے نئے 5-سٹار پنکھوں سے تبدیل کیا جائے گا، جس سے بجلی کے بل اور توانائی کے اخراجات میں کمی آئے گی۔
درخواست دینے کا طریقہ
آن لائن پورٹل پر efan.gov.pk پر جائیں یا اینڈرائیڈ/ایپل ایپ اسٹور سے موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
رجسٹریشن اور اہلیت : CNIC اور بجلی کے بل کی تفصیلات فراہم کریں، پورٹل خودکار طور پر اہلیت چیک کرے گا۔
نئے توانائی بچانے والے پنکھے منتخب کریں، مینوفیکچرر آپ کے گھر آ کر پنکھے نصب کرے گا اور پرانے پنکھے ناقابل استعمال کر دیے جائیں گے۔
تنصیب کے بعد آن لائن پورٹل پر تصدیق کریں ، جس کے بعد اگلے بجلی کے بل سے ماہانہ قسطیں شامل کر کے آسان ادائیگی ممکن ہوگی۔
اہلیت کے معیار
درست CNIC اور بجلی کے بل اپنے نام پر ہونا ضروری ہے۔
پچھلے 24 ماہ میں زیادہ سے زیادہ 4 تاخیر شدہ بل ہوں، اور کوئی قسطوں کا منصوبہ نہ لیا گیا ہو۔
صرف گھریلو صارفین درخواست دے سکتے ہیں، تجارتی یا صنعتی صارفین اہل نہیں ہیں۔
درخواست دینے کے لیے پرانے پنکھے موجود ہونا ضروری ہے۔
ہمایوں خان نے کہا کہ نئے 5 اسٹار پنکھے پرانے پنکھوں کی بجلی کی کھپت میں تقریباً 70 فیصد کمی کرتے ہیں، پروگرام کے تحت فنانسنگ کی رقم 12,000 روپے سے 300,000 روپے تک ہوسکتی ہے، جو اہلیت اور پنکھوں کی تعداد پر منحصر ہے۔
یہ اقدام گھریلو صارفین کے بجلی کے بل کم کرنے اور توانائی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔ پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے درخواست کی حیثیت اور ڈلیوری کو بھی آن لائن ٹریک کیا جا سکتا ہے۔


