لاہور : بیواؤں اور یتیموں کی مالی معاونت کے لیے نئی اسکیم کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت بیواؤں کو 1 لاکھ اور یتیموں کو 25 ہزار روپے ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں بیواؤں اور یتیموں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے "رحمت کارڈ” اسکیم کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اب معاشرے کا یہ طبقہ خود کو تنہا نہ سمجھے، حکومت ان کی مکمل سرپرستی کرے گی۔
"رحمت کارڈ” کے تحت بیواؤں کے لیے فی کس 1,00,000 روپے (ایک لاکھ) اور یتیموں بچوں کے لیے فی کس 25,000 روپے ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پسماندہ طبقات کی مدد کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس اقدام کا مقصد انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔
سرکاری اسکیموں سے متعلق تمام خبریں
رجسٹریشن کا طریقہ کار
اہل افراد "رحمت کارڈ” کے لیے درج ذیل طریقوں سے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں یا پنجاب بھر میں محکمہ زکوٰۃ و عشر کے قریبی دفاتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے مخصوص موبائل ایپ اور ویب سائٹ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان نگہبان پروگرام کے تحت اب تک 30 لاکھ افراد کو امداد کامیابی سے منتقل کی جا چکی ہے، آئندہ چند روز میں 40 لاکھ افراد تک پہنچنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
صوبے بھر میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے افطار اقدامات کے ذریعے روزانہ ہزاروں افراد کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، عظمیٰ بخاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقدس مہینے کے دوران مستحق افراد کی مدد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


