اسلام آباد (1 مارچ 2026): وفاقی حکومت نے افغان طالبان رجیم کی جارحیت کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق میں دشمن کے نقصانات کی نئی تفصیلات جاری کر دیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر ٹوئٹ میں بتایا کہ افغان طالبان رجیم کے 415 کارندے ہلاک اور 580 سے زائد زخمی ہیں، ان کی 182 پوسٹیں تباہ اور 31 پر قبضہ کیا گیا۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق افغان طالبان رجیم کے 185 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، افغانستان میں 46 مقامات پر فضائی کارروائیوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی افغانستان میں پاک فضائیہ کا جہاز مار گرانے اور پائلٹ کی گرفتاری کی تردید
گزشتہ روز انہوں نے بتایا تھا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان رجیم کے 352 کارندے ہلاک اور 535 سے زائد زخمی ہیں، اب تک 130 پوسٹیں تباہ اور 26 پر قبضہ کیا گیا، 171 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، 41 مقامات پر فضائی کارروائیوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا تھا کہ افغان طالبان رجیم کے پاس جہاز گرانے کی صلاحیت نہیں ہے، شلوار قمیض میں ایک شخص کو دکھایا گیا جو ان کی اپنی پرانی کوئی ویڈیو ہے، پاکستانی پائلٹ پکڑا ہوتا تو اب تک اس کی تفصیلات سامنے آ جاتیں۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ افغان طالبان رجیم کے خلاف پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، افغان طالبان رجیم نے جو قانون بنائے ان کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، دشمن کا بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ دنیا کے سامنے ہے، بھارت اور افغانستان میں تجارت سے زیادہ دہشتگردی پر بات ہوتی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے افغان طالبان رجیم دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، یہ دہشتگردی پھیلانے میں مکمل تعاون کر رہی ہے، پاکستان اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور دہشتگردوں کو شکست دینی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


