کراچی (18 ستمبر 2025): دریائے سندھ پر زیرِ تعمیر طویل ترین گھوٹکی کندھ کوٹ پل پر کام بند ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت گھوٹکی کندھ کوٹ پل منصوبے پر اجلاس ہوا جس میں مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ پل دریائے سندھ پر طویل ترین برج ہوگا جو ملکی معیشت، ترقی اور ٹریفک سہولت کے اعتبار سے عوام کیلیے ایک شاہکار ہوگا۔
اجلاس میں مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ پر گھوٹکی کندھ کوٹ پل زیر تعمیر ہے، اس کی تعمیر سے سندھ پنجاب اور سندھ بلوچستان میں آمدورفت آسان ہوگی۔
اجلاس میں منصوبے سے منسلک حکام نے بریفنگ دی کہ محکمہ ورکس گھوٹکی کندھ کوٹ پل کی تعمیر کر رہا ہے، دریائے سندھ پر اس کی لمبائی 12.15 کلومیٹر ہے، گھوٹکی سے پل تک پہنچنے والی سڑک 10.40 کلومیٹر جبکہ کندھ کوٹ سے 8.10 کلومیٹر ہے۔
بریفنگ دی گئی کہ گھوٹکی کندھ کوٹ پل کے ساتھ ٹھل لنک روڈ کی لمبائی 4.548 کلومیٹر ہے، برج کو جانے والی گھوٹکی اور کندھ کوٹ سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ ٹھل لنک روڈ کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس وقت سیلاب کے باعث کام رکا ہوا ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام نومبر میں شروع کیا جائے، نومبر میں سیلاب کا پانی اترنے کے بعد تعمیراتی کام باقاعدہ شروع ہونا چاہیے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گھوٹکی کندھ کوٹ پل ملکی معیشت کیلیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ نومبر سے پل پر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔


