کراچی: ریلوے حکام نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں غفلت برتنے پر مزید ریلوے افسران کو معطل کردیا ، وزارت ریلوے6افسران کوٹرین حادثےمیں پہلے ہی معطل کرچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے ٹرین حادثہ میں غفلت برتنے والے مزید ریلوے افسران معطل کردیا ، سکھرڈویژن حمیداللہ لاشاری اور کراچی ڈویژن کے ہیڈ ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا گیا ، ریلوےافسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزارت ریلوے 6 افسران کو ٹرین حادثے میں پہلے ہی معطل کرچکی ہے ، جس کے بعد اب تک معطل ہونے والے افسران کی تعداد 9 ہوچکی ہے۔
یاد رہے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ٹرین حادثہ میں غفلت برتنے والوں اور نااہلی کے مرتکب افسران کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سکھر ، کراچی اور لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پی آر کے نو سینئر افسران کو معطل کردیا تھا۔
معطل ہونے والوں میں ڈی ای این’’ٹو‘‘سکھر غلام قادر لاکھو، اےایم ای ون سکھر عبدالعزیز، پی ڈبلیوآئی میرپور قاضی شمس الدین، سب انجینئرجی آرون کراچی ڈویژن، ابتسام الحسن، اےٹواو، اےسی او سکھرنہال خان شامل تھے۔
ریلوے حکام نےکراچی سے ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی سول شوکت علی شیخ، ڈی ای این ٹو کراچی مجیب رحمان، پی ڈبلیو آئی حیدر آباد مسٹر منصور انور، ڈویژنل مکینیکل انجینئر 2 لاہور محمد عمران ، اسسٹنٹ ٹریفک افسر سکھر، اےایم ای سکھر اور ٹی ایکس آر کراچی کو بھی معطل کر دیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان ریلوے کے ترجمان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے کی تحقیقات 16 جون سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ، ٹرین حادثے سے متعلق تحقیقات تین دن تک جاری رہیں گی۔
واضح رہے ملت ایکسپریس اورسرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم کا خوفناک واقعہ پیش آیا ، جس میں 63 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔