اتوار, فروری 16, 2025
اشتہار

’سندھ کی سیاست میں اہم دن‘ : سابق وزیراعلیٰ سندھ کی عمران اسماعیل سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سید غوث علی شاہ نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیردفاع سید غوث علی شاہ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

غوث علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے چند روز پہلے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا، میں ہمیشہ سب سے پہلے پاکستان کا حامی رہا ہوں کیونکہ فیڈریشن ہے تو ہم ہیں، عمران خان فیڈریشن کو مضبوط بنانے کے لیے کام کررہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے ساتھ بیٹے اور دیگر لوگ بھی تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں‘۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے غوث علی شاہ کو وزیر اعظم عمران خان کا خاص پیغام پہنچایا اور یقین دہانی کرائی کہ اگلے دورے میں عمران خان صاحب آپ سے خود ملاقات کریں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ’شاہ صاحب کا پارٹی میں شامل ہونا ہماری خوش قسمتی ہے، اگلے ہفتے وزیراعظم سے ہماری مٹینگ ہے جس میں مستقبل کی پالیسی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور پھر سندھ میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کریں گے‘۔

اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ’آج سندھ کی سیاست میں بہت اہم دن ہے، غوث علی شاہ کی شمولیت سے تحریک انصاف کو سیاسی طور پر بہت فائدہ ہوگا‘۔

یاد رہے کہ سید غوث علی شاہ نے چار روز قبل وزیراعظم کے دورۂ کراچی کے موقع پر عمران خان سے ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یاد رہے کہ سید غوث علی شاہ 1985 سے 1988 اور پھر 1999 میں وزیر اعلیٰ سندھ کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دے چکے ہیں، علاوہ ازیں انہوں نے 1991 سے 1993 تک وفاقی وزیر دفاع اور 1997 سے 1999 تک وفاقی وزیر تعلیم کا قلم دان بھی سنبھالا تھا۔

سنہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی غوث علی شاہ قومی اسمبلی کے حلقہ این سے 215 خیر پور سے منتخب ہوئے تھے۔

اہم ترین

مزید خبریں