جمعہ, اپریل 17, 2026
اشتہار

جی ایچ کیو حملہ کیس: عدالت نے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید، 5،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (07 مارچ 2026): انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید، 5،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے، ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، شیخ راشد شفیق، شہباز گل، ذولفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی شامل ہیں۔

سرکار کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کیس کی پیروی کی، عدالت نے فیصلے میں کہا سزا پانے والے ملزمان 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث قرار دیا، ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم، میٹرو اسٹیشن پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق جے آئی ٹی نے ملزمان کو 9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم قرار دیا، ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیا، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، مقدمے میں اب تک استغاثہ کے کل 44 گواہان کے بیانات قلم بند ہو چکے ہیں، 118 ملزمان میں 18 ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پائے گئے، 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔

انسداددہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا، پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی، جس پر عدالت نے انکوائری تشکیل دی، عدالتی انکوائری میں 47 اشتہاری ملزمان کو دیدہ دانستہ مفرور قرار دیا گیا، اور رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے اخبار میں اشتہار جاری کروایا۔

رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا، عدالت نے اشتہاری ملزمان کو 7 دن میں عدالت کے سامنے سرنڈر ہونے کا موقع دیا، عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونے کے باجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا، عدالت نے اشتہاری ملزمان کا اسٹیٹ کونسل مقرر کر کے چارج فریم کیا۔

پراسیکیوشن نے 19 گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے، اسٹیٹ کونسل نے استغاثہ کے گواہان پر جرح کی، 47 اشتہاری ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں عدالت نے ملزمان کو 10،10 سال قید، جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں