اسلام آباد: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار سیاسی یتیم ہیں، انہیں اپنے غرور اور تکبر کی وجہ سے انتخابات میں تاریخی شکست ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے غلاوم سرور کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار تاریخی شکست کے بعد سے حواس کھو بیٹھے ہیں، انہوں نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا لہذا ان کی صوبائی رکنیت بھی ختم کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیت پرپورایقین ہے، سیاسی یتیم اپنےمشورےاپنےپاس رکھیں، چوہدری نثار تاریخی شکست کےبعد سے بدحواس ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اگر عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا تو چوہدری نثار صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لیتے مگر وہ مغرور انسان ہیں جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا وزیراعظم عمران خان کو مشورہ
وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ حلف نہ اٹھانےپرانہیں صوبائی رکنیت سےبھی فارغ کیاجائے ساتھ ہی اُن کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے پٹواریوں کے دم پر ہی سیاست کی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کےغیورعوام ان کےجھانسےمیں آنے والے نہیں ہیں، یہ حکومت عوام کی منتخب کردہ ہے اور وہ حکومت پر بھروسہ بھی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل چوہدری نثار کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھاکہ دائیں بائیں والوں کی باتیں نہ سنیں اور قوم کو تقسیم نہ ہونے دیں سب کو یکجا کریں، اگر غصہ اب بھی نہیں جا رہا تو اسے مودی پر نکالیں۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے، پرویز رشید
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر حیرانی ہوئی، فوج تب ہی لڑتی ہے جب ان کو عوامی حمایت حاصل ہو، میرا شمار اُن چند لوگوں میں ہوتا ہے جو بھارت سے خیر کی توقع نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی جیسا شخص حکمران بن جائے تو درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کو آزادی بی جے پی اور کانگریس نہیں دے سکتی، ہر وقت اپنےگھوڑے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔