لاہور: حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے عرس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، مزار مبارک کو آج پانچ من عرقِ گلاب سے غسل دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش کے 974 ویں عرس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے ، مزار شریف کو غسل دینے کی تقریب آج ہو گی۔
حضرت داتا گنج بخش کے نو سو چوہتر ویں عرس کے انتظامی اجلاس سے خطاب میں سیکریٹری اوقاف عبدالجبار شاہین اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش کے مزار کو پانچ من عرقِ گلاب سے آج غسل دیا جائے گا۔
تقریب میں وطنِ عزیز کے علاوہ دنیا بھر سے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ، اس موقع پر سکیورٹی ،صفائی اور زائرین کی سہولیات کیلئے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
مزارکو غسل دینے کےموقع پر صوبائی وزیر سیّد زعیم قادری اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شرکت کریں گے۔
حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ
آپ کا پورا نام شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری ہے، کنیت ابو الحسن لیکن عوام و خواص سب میں “گنج بخش” یا “داتا گنج بخش” (خزانے بخشنے والا) کے لقب سے مشہور ہیں۔ آپ 400 ہجری میں غزنی شہر سے متصل ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان جلابی ہجویری ہے۔
جلاب بھی غزنی سے متصل ایک دوسری بستی کا نام ہے جہاں سید عثمان رہتے تھے۔ علی ہجویری ، حضرت زید کے واسطے سے امام حسین کی اولاد سے ہیں۔
حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کی ہستی ان اولیائے کرام اور صوفیائے کرام میں سے ایک ہے ۔جنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے ظلمت کدوں کو نورِ اسلام سے منور کیا اور اپنے قول و فعل سے حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔
حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان شیخ علی ہجویری عظیم صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں ہزاروں انسانوں کو مسلمان کی۔