The news is by your side.

Advertisement

یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس: سینیٹ ویڈیو میں نظر آنے والے ایم این ایز کو نوٹس جاری

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس میں سینیٹ ویڈیو میں نظر آنے والے ایم این ایز فہیم خان اور جمیل احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ہوئی ، ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

سماعت میں یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا ، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے جوابات کی نقول پی ٹی آئی کو بھجوا دیں۔

الیکشن کمیشن نے ویڈیو میں نظر آنے والے ایم این ایز فہیم خان اور جمیل احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے فرخ حبیب اورعالیہ حمزہ نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت میں کرتے ہوئے کہا علی حیدر گیلانی کی خرید و فروخت سے متعلق ویڈیو سامنے آئی اور مولانا فضل الرحمان غیرملکیوں سے پیسے لیتے رہے ہیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے ہرالیکشن میں خرید و فروخت ہوتی تھی، الیکشن کمیشن پر کرپٹ پریکٹسز روکنے کے لئے اہم ذمہ داری ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی نے تو پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ‘گیلانی صاحب آپ بھی کوئی قطری خط لے آئیں”آپ نے نظام کو داغ دار کیا ہے تو آپ کو تو جواب پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گیلانی کو سینیٹ میں اہل اور نااہل کرانے والے یہ ہی لوگ ہیں، مریم نے بھی کہا تھا کہ پیسے نہیں ٹکٹ چلی ہے، اب مریم صفدر بتائیں کہ وہ ٹکٹ کہاں چلی ہے۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ مقدمہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے، یہ لڑائی اس مافیا کے خلاف ہے جس نے آج تک سینیٹ کو یرغمال بنایا، گیلانی جب تک نااہل نہیں ہوجاتا ہم لڑتے رہے ہیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں