اسلام آباد : ترلائی میں خودکش دھماکے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر بہادر علی شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر انسپکٹر بہادر علی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید انسپکٹر کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سمیت سینئر پولیس افسران، افسران و جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
بعد ازاں شہید انسپکٹر بہادر علی کی جسدِ خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے گلگت بلتستان روانہ کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انسپکٹر بہادر علی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران خودکش حملہ کیا گیا، جس میں 31 نمازی شہید اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کو گیٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر اس نے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے ایک گارڈ زخمی ہوا، جبکہ حملہ آور نے بعد ازاں مسجد کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


