ممبئی(17 جون 2026): پنجابی فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ کے معروف اداکار و گلوکار گپی گریوال نے شہرت سے پہلے ماضی کے سنگین حالات کا انکشاف کیا ہے۔
پنجابی فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ کے معروف اداکار و گلوکار گپی گریوال، جو ان دنوں اپنی سنسنی خیز کامیڈی فلم ‘کیری آن جٹا 4’ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، نے کامیابی سے پہلے اپنے ماضی کی سخت جدوجہد اور مالی مشکلات کا احوال بیان کر دیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے یوٹیوب ویلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے گپی گریوال نے اپنی زندگی کے سفر پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا پہلا گانا ہٹ ہونے کے باوجود انہیں انڈسٹری میں دوسرا موقع حاصل کرنے کے لیے شدید جدوجہد کرنا پڑی، جس دوران وہ گزر بسر کے لیے بیک وقت کئی نوکریاں کرتے تھے۔
اپنی گفتگو میں ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے گپی گریوال نے بتایا کہ ‘مجھے اپنی دوسری البم کے آنے تک شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ میں اس وقت تین سے چار نوکریاں کیا کرتا تھا۔ جب میں رات کو کام ختم کر کے صبح 4 بجے گھر لوٹتا، تو اپنی اہلیہ کو ساتھ لیتا اور ہم دونوں اگلے دو گھنٹے تک سڑکوں پر اخبارات تقسیم کیا کرتے تھے۔
"اس کے بعد میں سو جاتا اور میری اہلیہ صبح 6 بجے ‘سب وے’ پر کام کے لیے چلی جاتیں، جہاں وہ شام 4 بجے تک ڈیوٹی کرتیں اور بعد میں بطور سیکیورٹی گارڈ بھی کام کرتی تھیں”
گپی گریوال نے مزید بتایا کہ کچھ عرصے بعد انہوں نے وہ کام چھوڑ دیا اور ہم نے ایک شاپنگ مال میں صفائی کا کنٹریکٹ لے لیا۔ شام کے وقت ہم روزانہ وہاں 2 سے 3 گھنٹے کام کرتے تھے، جہاں فوڈ کورٹ سے خالی ٹرے اٹھانا میری اہلیہ کی ذمہ داری تھی جبکہ مال کی صفائی میں خود کرتا تھا۔ دیگر ملازمتوں میں مجھے صرف 8 ڈالرز ملتے تھے لیکن مال کی صفائی کے کام سے ہمیں تقریباً 13 ڈالرز فی گھنٹہ اجرت ملتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک یہ سب عام نوکریاں ہیں، اگرچہ ہمارے ہاں لوگ اس بارے میں بہت کچھ سوچتے ہیں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب میں اور میری اہلیہ صبح سویرے اخبار بانٹتے تھے تو ہم یہ سوچتے تھے کہ یہ وقت ہمارا ایک ساتھ گزر رہا ہے، اس لیے ہم باتیں کرتے کرتے دو گھنٹے میں کام ختم کر لیتے تھے۔
اداکار نے کہا کہ اس کڑے وقت میں مجھ میں بس ایک ہی دھن سوار تھی کہ محنت کر کے زندگی میں اس مقام پر پہنچنا ہے جہاں میں اپنی مرضی کا کام بھی کر سکوں اور اچھے پیسے بھی کما سکوں۔


