نئی دہلی : شوہر کی کرونا سے موت اور اپنی بیماری کے باعث ڈپریشن کا شکار بھارتی خاتون کی بچوں سمیت خودکشی کی کوشش 8 سالہ بچی نے ناکام بنا دی۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بینگلورو میں پیش آیا، جہاں وارا لکشمی نامی خاتون نے اپنی پریشانیوں کے سدباب کےلیے اپنے بچوں سمیت موت کو گلے لگانے کی کوشش کی۔
خاتون کا شوہر کی دو ماہ قبل کرونا سے موت ہوچکی ہے اور خاتون خود بھی گزشتہ دو برس کے زائد عرصے سے ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف میں مبتلا ہے جس کے باعث بچوں کی پرورش کرنا اسے ڈپریشن کا شکار کرچکے تھے۔
ان پریشانیوں سے نجات کےلیے خاتون نے اپنے 12 سالہ اور 8 سالہ بچیوں سمیت پھندا لگاکر خودکشی کی کوشش کی تاہم آخری اوقات میں 8 سالہ بچی گھر سے فرار ہوگئی اور پڑوسی کو ماں کے انتہائی قدم اٹھانے سے متعلق مطلع کیا۔
پڑوسیوں نے بچی کے اطلاع پر گھر میں داخل ہوکر ماں اور بیٹی کو پھندے سے نکالا اور اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے 12 سالہ دیواشری کو مردہ قرار دیا جب کہ ماں کی حالت شدید تشویشناک قرار دی۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے کہا ہے کہ خاتون شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھی اور اپنی ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف کے باعث بچوں کی دیکھ بھال اس کے لیے انتہائی مشکل ہوچکی تھی اسی لیے نے ڈپریشن میں آکر خود کو پھانسی لگانے کا فیصلہ کیا۔