بہاولپور: پنجاب کے شہر بہالپور میں شادی کی تقریب سے گھر جانے والی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور 7 بی سی میں لڑکی سے 3 ملزمان نے اجتماعی زیادتی کی، متاثرہ لڑکی شادی کی تقریب سے گھر جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان لڑکی کو اغوا کرکے لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ لڑکی کا پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہنا تھا کہ ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر پولیس کو بتایا تو جان سے مار دیں گے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی، متاثرہ لڑکی کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت ہوگی۔
مزید پڑھیں: گوجرانوالہ، سوتیلے باپ کی بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی
خیال رہے کہ چند روز قبل گجر پورہ موٹر وے لنک روڈ پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ملزمان ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، گزشتہ روز ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 25، 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا، پولیس نے ملزم کے والد، بھائی اور بیٹی کو حراست میں لے لیا ہے۔