پشاور: چمکنی میں لڑکی نے مبینہ طور پر شادی سے انکار پر لڑکے پر تیزاب پھینک دیا اور فائرنگ بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے چمکنی میں شادی سے انکار کرنے پر لڑکی نے مبینہ طور پر تیزاب پھینک دیا۔
تھانہ چمکنی پولیس نے واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جس میں کہا 26 سالہ متاثرہ نوجوان صدیق اللہ کی ملزمہ لڑکی کے ساتھ دوستی تھی۔
حکام نے بتایا کہ صدیق اللہ کی جانب سے شادی سے انکار کرنے پر لڑکی نے طیش میں آ کر اس پر مبینہ طور پر تیزاب پھینک دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق صرف تیزاب پھینکنے پر ہی بس نہیں کیا گیا، بلکہ تیزاب پھینکنے کے بعد لڑکی نے صدیق اللہ پر مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تاھ کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزمہ کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا سکے۔


