The news is by your side.

Advertisement

افغانستان میں مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے لڑکیوں کا اسکول تباہ کردیا

کابل: افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے لڑکیوں کا اسکول تباہ کردیا، افغان حکام کے مطابق مسلح افراد نے اسکول کی عمارت کو دوسری بار تباہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فراہ کے گاؤں توسک میں ازسرنو تعمیر ہونے والے بنفشا گرلز ہائی اسکول میں نامعلوم مسلح افراد نے داخل ہوکر دھماکا خیز مواد سے اسکول کی عمارت کو دوسری بار تباہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔

افغان حکام کے مطابق اس اسکول کو دو سال قبل بھی مسلح افراد نے نذر آتش کردیا تھا اس کے باوجود اسکول میں درس و تدریس جاری تھی اور اسکول میں 500 لڑکیاں زیر تعلیم تھیں۔

اسکول کی تباہ حال عمارت کو ازسر نو تعمیر کیا گیا اور مرمت شدہ عمارت میں درس و تدریس کا آغاز ایک ماہ قبل ہی ہوا تھا.

مزید پڑھیں: افغانستان میں دھماکا، 7 بچے ہلاک، متعدد زخمی

افغان صوبے فراہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسند تنظیموں کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو مسلسل دھمکیاں دی جارہی تھیں تاہم اس سے پہلے اسکول کو نذر آتش کرنے کی ذمہ داری کسی جنگجو تنظیم نے قبول نہیں کی تھی۔

افغانستان کی وزارت تعلیم کے اعدادو شمار کے مطابق اب بھی ساڑھے تین لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں اور ملک بھر میں تقریباً 900 سے زائد اسکول سیاسی حکومتوں کے قیام کے باوجود تاحال بند ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران افغان صوبے فراہ میں 5 اسکولوں پر حملے کیے جاچکے ہیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں