پشاور : گلیشیائی جھیل پھٹنے کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا، جس میں پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ الرٹ 10 سے 12 مارچ کے دوران متوقع بارشوں اور بدلتے ہوئے موسمی حالات کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات اور اپر کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے:
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گلیشیائی جھیلوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت انتباہ جاری کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی تمام ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان ایام میں بالائی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور دریاؤں کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ان کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے، جہاں سے صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


