برسبین: معروف آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل نے اپنی شادی پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل میلبررن میں اپنی منگیتر وینی رامن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔ گلین میکسویل نے کہا ہے کہ وہ اپنی شادی پر سکیورٹی سخت رکھیں گے۔
ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر نے کہا کہ مجھے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک سابق کھلاڑی نے بتایا کہ آپ کی شادی کا دعوت نامہ لیک ہوگیا ہے، شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جو تامل زبان میں ہے۔
بھارتی اداکر کستوری شنکر نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے گلین میکسویل کی شادی کا کارڈ شیئر کیا ہے۔
کرکٹر کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی شادی پر اضافی سکیورٹی تعینات کرنی پڑے گی، ہم اسے خفیہ رکھنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے بھارت میں موجود ہمارے کچھ رشتہ دار اور دوستوں نے پُرجوش ہو کر اسے پھیلا دیا۔
گلین میکسویل اور وینی رامن کی شادی ہندو مذہب کے رسم و رواج کے تحت انجام پائے گی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ 1 ٹی ٹوئنٹی بھی دورے میں شیڈول ہے۔گلین میکسویل اپنی شادی کی وجہ سے دورہ پاکستان کا حصہ نہیں ہوں گے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر مائیکل نیسر بھی انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہوگئےہیں۔ فاسٹ بولر پاکستان کا دورہ کرنے والی اٹھارہ رکنی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے۔