کراچی: کیبل نظام میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سسٹم میں خلل پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث صارفین کو پی ٹی سی ایل، تھری جی اور فور جی کی سروسز میں مشکلات کاسامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدہ کے قریب سب میرین کیبل آئی ایم ای ڈبلیو ای کی خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کافی حد تک سست ہوگئی ہے۔
بھارت سے فرانس جانیوالی کیبل میں جدہ کے قریب تکنیکی خرابی ہوئی، پی ٹی سی ایل ترجمان کے مطابق 1ہزار کلومیٹر آئی می وی کیبل میں جدہ کےقریب سمندرمیں خرابی آئی۔
اس کے علاوہ ٹی ڈبلیو ون، سی می وی 3،4 کیبل متاثر ہوئی ہیں جبکہ سی می وی 5کیبل فعال ہے لیکن انٹرنیٹ کی رفتار تقریباً50فیصد رہ گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے سےخراب ایک عالمی کیبل سی می وی 4کی خرابی بھی دورنہ کی جاسکی، عالمی کنسورشیم تکنیکی خرابی اور بحالی کے وقت کا تعین کررہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے انٹرنیٹ کو دوسرے کیبلز پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے، کیبل کی خرابی سے ملک بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنیوالوں کوپریشانی کا سامنا ہے، انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے سے کاموں میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔