انقرہ/روم/میڈرڈ: امدادی قافلے گلوبل فلوٹیلاپراسرائیلی حملے پر دنیا بھر میں مظاہرے شروع ہوگئے، تیونس، لیبیا، مصر، ترکیے، لندن، کینیڈا اور اٹلی سمیت یورپ اورلاطینی امریکی ممالک کے کئی شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پرنکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کی جانب امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی دھاوے کے بعد دنیا بھر میں احتجاج کی نئی لہر اٹھ کھڑی ہوئی، مختلف ممالک میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اسرائیل نے فلوٹیلا کی اکتالیس کشتیوں کو قبضے میں لے کر سیکڑوں کارکنوں کو یرغمال بنا لیا، جس کے بعد یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور لاطینی امریکہ میں احتجاجی ریلیاں جاری ہیں۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں مظاہرین نے ریلوے اسٹیشن اور مرکزی شاہراہ بند کر دی، اسپین کے 35 شہروں میں ہزاروں طلبا سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ برسلز، برلن، ایتھنز اور بیونس آئرس میں بھی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔
استنبول میں مظاہرین نے اسرائیلی قونصل خانے کے باہر نعرے بازی کی جبکہ انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے سامنے فلسطینی اور ترک پرچم لہرائے گئے۔
تیونس، لیبیا، مصر، ملائیشیا، ارجنٹائن، کولمبیا، میکسیکو، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک میں احتجاج ہوا جبکہ لیبیا میں الجزائر اسکوائر پر ہزاروں افراد جمع ہوئے جبکہ موریطانیہ میں امریکی سفارتخانے کے سامنے دھرنا دیا گیا۔
اسپین نے اسرائیلی ناظم الامور جبکہ بیلجیم نے اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے فلوٹیلا پر حملے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے وحشیانہ جارحیت اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، عالمی برادری فوری طور پر امدادی کارکنوں کی حفاظت اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


