ریو: برازیل کے شہر ریو میں 05 اگست 2016 سے شروع ہونے والے اولمپکس 2016 کی تیاریاں اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ چکی ہیں، انٹرنیشنل اولمپکس کونسل نے ایونٹ کے لئے میڈلز کی رونمائی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس بار گرمی کے موسم کے اولمپک کھیلوں کا میدان برازیل کے شہر ریو میں سجے گا،اسی مناسبت سے اس کا نام ریو سمراولمپک گیمز 2016 رکھا گیا ہے، ریو میں اولمپک گیمز کی تیاریاں عروج پر ہیں،جس کے اختتامی مراحل میں بین الاقوامی اولمپکس کونسک نے ریو اولمپک گیمز کے لیے گولڈ میڈلز کا اجراء کی رونمائی ایک پر وقار تقریب میں کر دی گئی ہے۔
05 اگست 2016 سے 21 اگست 2016 تک مسلسل جاری رہنے والے مقابلوں کے لیے برازیل میں کافی جوش وخروش دیکھا جارہا ہے،گراؤنڈز کی تیاری،ٹکٹوں کی فروخت،خصوصی موسیقی کااجراء اور سیکورٹی سے لے کر تمام چھوٹے بڑے انتظامات کو فول پروف بنایا جارہاہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز ریو ڈی جنیرو میں برازیل اولمپکس کمیٹی اور آئی او سی کی جانب سے منعقد کی گئی ایک باوقار اور پر رونق تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں ایونٹ کے لئے گولڈ ،سلور اور برانز میڈل کا اجرا کیا گیا،اور پہلے مرتبہ اسے عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔
میڈلز کے ڈیزائن میں اولمپکس ہیروز کو ٹربیوٹ پیش کیا ہے،خوبصورت رنگ و نقش کے امتیاز نے اسے پر کشش بنا دیا ہے،اور تمام کھلاڑی ان میڈلز کے حصول کی تیاری میں مصروف ہو گئے ہیں اور اپنی ٹریننگ کو آخری شکل دے رہے ہیں۔
اولمپکس کی افتتاحی تقریب 5 اگست کو برازیل میں ہوگی جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،رنگا رنگ اور شاندار تقریب کو یاد گار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، موسیقی، کرتب اور رقص کو حتمی کو شکل دی جا رہی ہے۔
اولمپکس گیمز کی میزبانی پر برازیلی شہری پھولے نہیں سما رہے ہیں، کھیل کے میدانوں میں لگی رونق اور اس کے اطراف ہوتی ترقیاتی کاموں پر مسرور نظر آتے برازیلی اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔