کراچی(20 فروری 2026): ملک بھر میں سونے کی قیمت پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی، آج بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹس میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 26 ہزار 462 روپے پر پہنچ گیا، اسی طرح 10 گرام سونا 2 ہزار 144 روپے مہنگا ہونے کے ساتھ 4 لاکھ 51 ہزار 356 روپے ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر اضافے کے بعد 5 ہزار 37 ڈالر پر جا پہنچی، دوسری جانب پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 170 روپے اضافے سے 8 ہزار 574 روپے ہوگئی ہے۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی سونے میں بڑھتی دلچسپی کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


