کراچی(24 جنوری 2026): پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا اور 6500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد روپے تک پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونا اور چاندی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے اضافے سے 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے تک پہنچ گیا جبکہ دس گرام سونا 5 ہزار 573 روپے اضافے سے 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپےکا ہوگیا۔
بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں، عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونا 65 ڈالر اضافے سے 4988 ڈالر فی اونس ہوگیا جبکہ چاندی کی قیمت میں 526 روپے اضافہ سے فی تولہ 10 ہزار 801 روپے کی ہوگئی۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور کرنسی کے اثرات نے مقامی قیمتوں کو بھی بلند سطح تک پہنچا دیا ہے۔
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔


