کراچی : عالمی اور مقامی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ، مقامی قیمت ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ دو سال کی بلند ترین سطح پر آگئی جبکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت1290 ڈالر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ایشیائی منڈیوں میں سونے کی قیمت بارہ سونوئے ڈالر فی اونس ہوگئی ہے، آج بھی ایشیائی منڈیوں میں سونے کی قیمت میں ساڑھے تین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا۔
مقامی منڈی میں بھی سونا مہنگا ہو گیا اور قیمت 1000 روپے کا اضافے کے ساتھ 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
سونےکی فی تولہ قیمت 56ہزار200 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت آٹھ سو ستاون روپے اضافے کے ساتھ 48ہزار171 روپے ہوگئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیاگیا، چاندی کی عالمی قیمت 22 سینٹ بڑھ کر 16.65 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ مقامی مارکیٹس میں چاندی کی تولہ قیمت میں 20 روپے کے اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 830 روپے ہوگئی۔