کراچی : پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تمام ریکارڈ توڑ کر نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں، آج 4 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونا اور چاندی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4,362 روپے اضافے کے بعد 486,162 روپے پر جاپہنچی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3,687 روپے اضافے کے بعد 416,805 روپے تک پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 43 ڈالر اضافے کے ساتھ 4,638 ڈالر ہو گیا۔
دوسری جانب ملک میں فی تولہ چاندی 500 روپے اضافے کے بعد 9,575 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق یہ اضافہ عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی طلب اور کرنسی کے بدلتے رجحانات کی وجہ سے ہوا ہے، اور سرمایہ کار اس میں مزید دلچسپی لے رہے ہیں۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


