کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نیا ریکارڈ اضافہ ہوا ، جس کے بعد فی تولہ 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہو گئے، مقامی مارکیٹ میں سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز سرافہ ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پیر کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح دس گرام سونا 4 ہزار 715 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے پر پہنچ گیا۔
ہفتے کے روز فی تولہ سونا 2 ہزار 100 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے تک جا پہنچا تھا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ چاندی 147 روپے کے اضافے سے 5 ہزار 247 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، ایک روز میں 55 ڈالر اضافے کے بعد 4,071 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے ممکنہ شرحِ سود میں کمی کی توقعات ہیں۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


