کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت اچانک بڑے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح 4 لاکھ 55 ہزار 136 روپے پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اور ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا اور چاندی عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں دور ہو گئے۔
جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بیک وقت 10 ہزار 800 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 4 لاکھ 55 ہزار 136 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 9 ہزار 720 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، اور اب 10 گرام سونا 3 لاکھ 89 ہزار 600 روپے کی سطح پر جا پہنچا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 108 ڈالر کی چھلانگ لگا کر 4 ہزار 327 ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، جس کا براہِ راست اثر پاکستانی مارکیٹ پر پڑا۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی خریدنے والوں کو بھی بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ملک بھر میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں 230 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی کی نئی قیمت 7 ہزار 509 روپے ہو گئی ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کا رخ کرنے کی وجہ سے قیمتوں میں یہ غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
یہ پڑھیں: پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔


