کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی اور فی تولہ 4 لاکھ 76 ہزار 862 روپے کی سطح پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں کو بڑا جھٹکا لگا، عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ گرنے کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے تحت فی تولہ سونا 15,500 روپے کی نمایاں کمی کے بعد 4 لاکھ 76 ہزار 862 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 13,289 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد یہ 4 لاکھ ہزار 832 روپے کا ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 155 ڈالر سستا ہوا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر اس کی نئی قیمت 4 ہزار 545 ڈالر مقرر ہوئی ہے۔
اس کے ساتھ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی سرمایہ کاروں اور خریداروں کو بڑا ریلیف ملا۔
ملک بھر میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں 972 روپے کی بھاری کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد اب چاندی 8 ہزار 232 روپے فی تولہ کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس بڑی تبدیلی اور روپے کی قدر میں بہتری کی وجہ سے مقامی بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں یکدم کریش ہوئی ہیں، جس سے مارکیٹ میں خریداری کے رجحان میں تیزی آنے کا امکان ہے۔
Dollar And Other Currency Rates Today In Pakistan
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


