کراچی : پاکستان میں تاریخی اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں اچانک بڑی کمی ہوئی اور سونا ہزاروں روپے گرگیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی۔
مقامی صرافہ بازار ایسوسی ایشن نے بتایا کہ ملک بھر میں فی تولہ سونا 10 ہزار 600 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے کی سطح پر آگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 88 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 82 ہزار 630 روپے ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونا 106 ڈالر سستا ہوا، جہاں فی اونس قیمت 4 ہزار 252 ڈالر پر آ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں بہتری اور طلب میں کمی کے باعث سونے کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔


