کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد فی تولہ 4 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے، جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونا اور چاندی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ فی تولہ سونے کی قیمت میں 2,830 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 63 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2,547 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 89 ہزار 534 روپے پر بند ہوئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 28 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4,326 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، جس کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑا۔
دوسری جانب سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا؛ ملک میں فی تولہ چاندی 141 روپے مہنگی ہو کر 7,314 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے
یہ پڑھیں: پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔


