کراچی: کاروباری ہفتے پہلے روز سونے کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں بھی چار سال بعد ریکارڈ تیزی دیکھنے میں آئی۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 9 ہزار 700 روپے ہوگئی۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے کم ہوکر 94 ہزار 50 روپے رہی۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونے کی فی اونس قیمت 22 ڈالر کم ہوکر 1856 ڈالر فی اونس رہی۔
اسٹاک ایکسچینج میں تیزی
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں بھی چار سال بعد ریکارڈ تیزی دیکھی گئی، بجٹ کے اعلان کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار سرگرم ہوگئے۔
اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 421 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، انڈیکس 4 سال 3 ماہ کی بلند ترین سطح 48726 پر بند ہوا اور 29.23 ارب روپے مالیت کے 55.50 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا۔
ڈالر کی قدر میں اضافہ
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 45 پیسے مہنگا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 155 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 156 روپے 19 پیسے پر بند ہوا۔