کراچی(17 اکتوبر 2025): بین الاقوامی بازاروں میں سونا آج مزید مہنگا ہوگیا، پاکستان میں سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت روز نئی تاریخ رقم کر رہی ہے اور قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر برقرار ہے۔
مقامی صرافہ بازار ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پاکستان میں فی تولہ سونا 14 ہزار 100 روپے کے بڑے اضافے سے 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح دس گرام سونا 12089 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 91 ہزار 718 روہے کی بلند سطح پر پہنچ گیا، عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونا 141 ڈالرز کے بہت بڑے اضافے سے 4358 ڈالرز فی اونس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی، ڈالر کی قدر میں کمی اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش سونے کی قیمت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔


