اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں گولڈن ہینڈشیک منصوبہ منظوری کےعمل میں ہے۔
ایک بیان میں ارشد ملک نے کہا کہ گولڈن ہینڈشیک اور اصلاحات سے افرادی قوت50فیصدتک لانے کا منصوبہ ہے جب کہ کورونا سے پروازوں میں کمی پر مزیدملازمین کم کرنےکا سوچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اےکی بہتری کیلئےمشکل فیصلےکر رہے ہیں، ادارے میں اصلاحات لارہے ہیں تاکہ خسارہ کم کیا جا سکے اور پھر سے پی آئی اے کو وہ مقام دلا سکیں جو ماضی میں تھا۔
چند روز قبل سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ملازمین کے نام خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر ائیرلائن انڈسٹری کو 314 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا، دنیا بھر میں ائیرلائن نے ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کیا ہے، کئی ائیرلائن نے ملازمین کو چھٹیوں پر بھی بھیج دیا ہے۔
ائیرمارشل ارشد ملک نے کہا پی آئی اے بھی ایک دہائی سے زائد عرصے سے مالی خسارے میں ہے، کورونا کے باعث مارچ 2020 سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن صرف 10فیصد رہ گیا۔
سی ای او پی آِئی اے کا کہنا تھا موجودہ حالات میں پی آئی اے نے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گروپ ایک سے چار تک کے ملازمین کی تنخواہوں کمی نہیں کی جائے گی جبکہ ایک لاکھ سے 2 لاکھ روپے تنخواہ پر 10 فیصد ، 2 لاکھ سے 5 لاکھ تک 15 فیصد اور 5 لاکھ سے زائد تنخواہ پر 25 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔